قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر عائد ٹول ٹیکس میں رواں برس دوسری مرتبہ بھاری اضافہ کر دیا ہے۔

این ایچ اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹول ٹیکس کی نئی قیمتوں کا اطلاق 5 اپریل سے ملک بھر میں نافذالعمل ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قومی شاہراہوں پر موٹر کار کا ٹول ٹیکس اب 100 روپے مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ کوہاٹ ٹنل پر کار کا ٹول ٹیکس بڑھا کر 250 روپے کر دیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے ایم 1، ایم 3، ایم 4، ایم 5، ایم 14 اور ای 35 پر بھی ٹیکس کی شرح میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

سفر کرنے والوں کے لیے اب اسلام آباد سے پشاور جانے والی ایم ون موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 700 روپے ہوگا۔ اسی طرح لاہور سے عبدالحکیم جانے والی ایم تھری موٹروے پر کار کا ٹول 800 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ پنڈی بھٹیاں سے ملتان جانے والی ایم فور پر اب کار سواروں کو 1050 کے بجائے 1300 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

ملتان سے سکھر جانے والی ایم فائیو موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 1200 سے بڑھا کر 1500 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی خان تا ہکلہ ایم 14 پر ٹول ٹیکس 650 سے بڑھا کر 800 روپے کر دیا گیا ہے۔ ہزارہ موٹروے (ای 35) پر بھی کار کا ٹول ٹیکس 300 سے بڑھا کر 350 روپے کر دیا گیا ہے۔

این ایچ اے نے نہ صرف موٹر کاروں بلکہ بڑی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں بھی بڑا اضافہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹیکیولیٹڈ ٹرک کا ٹول ٹیکس بعض روٹس پر اب 7 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہےجس سے مال برداری کے اخراجات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top