بنوں ڈومیل میں پولیس سٹیشن پر خوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام، خواتین اور بچوں سمیت 10 عام شہری شہید

بنوں کے تھانہ ڈومیل کے قریب خوارج نے ایک خودکش حملہ کیا جو پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانے کے بجائے ناکام رہا، دھماکے کے نتیجے میں قریبی سول آبادی شدید متاثر ہوئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں 10 معصوم شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین، ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں، مزید 4 افراد شدید زخمی ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ ملبہ ہٹانے اور متاثرہ افراد کی مدد میں مصروف ہیں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بہترین حفاظتی اقدامات کی وجہ سے تھانہ ڈومیل پر حملہ ناکام رہا تاہم خوارج کی بزدلی کی وجہ سے عام شہریوں کو نقصان پہنچا۔

سیکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں اور تعاون جاری رکھیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ان خوارج کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top