عوام پر مزید بوجھ، مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد مٹی کے تیل کو بھی مہنگا کر دیا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے ہی ایک ہفتے کے لیے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 137 روپے 23 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اب مٹی کے تیل کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 34 روپے 8 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نئے اضافے کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 467 روپے 48 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب تک کا سب سے بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان فیصلوں کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران جنگ اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 250 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرنے کی وجہ سے توانائی کا بحران پیدا ہوا ہے جس نے پوری دنیا کی معیشت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور فوجی قیادت نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عالمی صورتحال کے پیش نظر سبسڈی صرف مخصوص طبقے کو دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن ممالک کے پاس تیل کے وسیع ذخائر ہیں، وہاں بھی بحران ہے اور تیل ڈپوؤں پر فوج تعینات کرنا پڑی ہے۔

Scroll to Top