اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جاری جنگ فوری طور پر روکیں تاکہ انسانی اور معاشی نقصان سے بچا جا سکے۔
گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور وسیع پیمانے پر جنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ان کے مطابق موجودہ جنگ شدید انسانی مصائب کا باعث بن رہی ہے اور اس کے تباہ کن معاشی اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔
گوتریس نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام فریق فوری کارروائی کریں اور تنازع کو بڑھنے سے روکا جائے۔
انتونیو گوتریس نے ایران پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے ہمسایہ ممالک پر حملے بند کرے اور خطے میں امن قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقوں کو دیپلومیسی کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ انسانی جانوں کا نقصان اور معاشی بحرانوں سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : اعظم کی دھواں دار بیٹنگ، کراچی نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
عرب میڈیا کے مطابق، سیکرٹری جنرل گوتریس نے سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مشرق وسطیٰ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نمائندہ علاقے میں موجود صورتحال کا جائزہ لے گا اور امن کے قیام کے لیے رابطے کرے گا۔
اقوام متحدہ کے تجزیہ کاروں کے مطابق انتونیو گوتریس کی یہ اپیل اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی برادری ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات دیکھنا چاہتی ہے، تاکہ جنگ کے تباہ کن اثرات سے نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت بھی متاثر ہونے سے بچ سکے۔
یہ اقدامات بین الاقوامی امن کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ امریکہ اور اسرائیل سمیت تمام متعلقہ ممالک پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے کہ وہ سفارتی راستے اختیار کریں اور عسکری کارروائیوں سے گریز کریں۔





