شہباز شریف کی عوام دوست پالیسی پر مریم اورنگزیب کا شاندار ردعمل

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عالمی تیل بحران کے باوجود عوام کو ایک ماہ تک ریلیف فراہم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود عوام پر اس کا بوجھ منتقل نہیں ہونے دیا، جو ذمہ دار قیادت اور مؤثر حکمت عملی کی واضح مثال ہے۔

ان کے مطابق یہ فیصلہ فِسکل مینجمنٹ، کفایت شعاری اور عوامی مفاد کے عین مطابق تھا۔ وزیراعظم نے نہ صرف غیر ضروری اخراجات میں کمی کی بلکہ فِسکل سپیس پیدا کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی سنجیدہ کوشش کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی سطح پر جہاں مختلف ممالک میں پٹرول کی قلت اور قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا، وہاں پاکستان کو اس بحران سے محفوظ رکھا گیا، جو مضبوط پالیسی اور مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کا ثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فرق ہوتا ہے ایک ذمہ دار قیادت اور ایسی قیادت میں جس نے اپنی مصنوعی سیاست کے لیے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا۔

آج ہر پاکستانی فخر محسوس کر سکتا ہے کہ اس کی قیادت شہباز شریف جیسے سنجیدہ اور عملی رہنما کے ہاتھ میں ہے، جو مشکل حالات میں بھی عوام کے لیے ریلیف فراہم کرتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، تو اسے عام عوام پر مکمل بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا ایران جنگ فوری روکنے کا مطالبہ

دو ویلرز استعمال کرنے والے محنت کش طبقے، چھوٹے کسان (25 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے)، اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو خصوصی ریلیف دے کر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کی سنجیدہ کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ قیادت عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے، اور اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان ایسے رہنما کے ہاتھوں میں ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتا ہے اور عملی اقدامات کرتا ہے۔

ن لیگی رہنما نے آخر میں وزیراعظم شہباز شریف کو وفاق کی اکائیوں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونے پر مبارکباد دی اور تمام وزرائے اعلیٰ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

یہ اقدام ملک میں عوامی ریلیف کی حکومتی سنجیدگی اور مشکل حالات میں ذمہ دار قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top