پٹرول اور ڈیزل مہنگا، ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑا اعلان

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان  گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔

الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز اس فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پٹرول کی قیمت میں 205 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 263.78 روپے تک اضافہ کیا گیا جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید متاثر ہوا ہے۔

پاکستان  گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر نے خبردار کیا کہ ان اضافوں کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے لاکھوں افراد بیروزگار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر حکومت کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو ٹول ٹیکس سمیت دیگر ٹیکسز فوری طور پر ختم کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کے چالان بھی ختم کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کچھ ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا اعلان

صدر الائنس کا کہنا تھا کہ موجودہ نازک معاشی صورتحال میں ٹرانسپورٹ سیکٹر ہی ملک میں امپورٹ، ایکسپورٹ اور کاروباری سرگرمیوں کو رواں رکھے ہوئے ہے، اور اگر حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ رک سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا جلد اعلان کیا جائے گا۔

Scroll to Top