پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 26 افراد جاں بحق اور 77 زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 18 بچے، 3 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 33 مرد، 9 خواتین اور 35 بچے شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 102 گھر متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 82 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 20 گھر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔
حادثات صوبے کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام، شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگو، مکان کی چھت گرنے سے 2 بیٹے جاں بحق، 3 افراد زخمی
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کیا جائے جبکہ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو جلد از جلد امداد پہنچانے کی خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور ایک نیا بارشوں کا سلسلہ یکم اپریل سے 4 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔





