پاکستانی شہری ہر لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور دیگر مارجنز کی مد میں بھاری ادائیگیاں کر رہے ہیں جس کی تفصیلات حال ہی میں سامنے آئی ہیں۔
ہر لیٹر پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 46 فیصد ٹیکس اور منافع جات شامل ہیں، شہری ایک لیٹر پیٹرول پر صرف ٹیکس کی مد میں 211 روپے 26 پیسے ادا کرتے ہیں۔
پیٹرول کی ایکس ریفائنری پرائس 247 روپے 15 پیسے ہے، اس میں کسٹم ڈیوٹی 24 روپے 12 پیسے، ان لینڈ فریٹ مارجن 7 روپے 52 پیسے، آئل مارکیٹنگ کمپنی کا منافع 7 روپے 87 پیسے اور پمپ ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے شامل ہیں۔
ہر لیٹر پیٹرول پر 160 روپے 61 پیسے کی لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی عائد ہے۔
ڈیزل پر بھی شہریوں کی حالت اتنی مختلف نہیں، ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 11.36 فیصد ٹیکس اور منافع شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ
شہری ایک لیٹر ڈیزل پر 59 روپے 12 پیسے ٹیکس ادا کرتے ہیں، ڈیزل کی ایکس ریفائنری پرائس 461 روپے 23 پیسے فی لیٹر ہے۔
اس میں کسٹم ڈیوٹی 35 روپے 74 پیسے، ان لینڈ فریٹ مارجن 4 روپے 37 پیسے، آئل مارکیٹنگ کمپنی کا منافع 7 روپے 87 پیسے، پمپ ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔





