پنجاب آگے نکل گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر مفت ہوگا جس سے شہریوں کو براہِ راست مالی سہولت حاصل ہوگی۔

ویزراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات اور جنگ کے باعث دنیا معاشی بحران کا شکار ہے جبکہ درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے پاکستان بھی شدید متاثر ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے قومی بچت اور کفایت شعاری پروگرام پر پنجاب میں عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور اسی سلسلے میں ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔

ریلیف پیکج کے تحت زراعت، خوراک اور کسانوں کے لیے نقد امداد دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول اور ڈیزل مہنگا، ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا ریلیف دے کر عوام کو مشکلات سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور حالات بہتر ہوتے ہی عوام کو مزید معاشی بوجھ سے نجات دلائی جائے گی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں کفایت شعاری پالیسی کے حوالے سے کوئی بڑا اعلان سامنے نہیں آیا جس کے باعث وہاں کے عوام اس قسم کی سہولیات سے محروم ہیں۔

Scroll to Top