مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام اس سہولت سے محروم ہیں۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کل سے اسلام آباد میں عام عوام کے لیے تمام بس اور ٹرین خدمات اگلے 30 دنوں کے لیے بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام شہریوں کو مالی ریلیف دینے اور روزمرہ سفر کو آسان بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عوامی ریلیف اقدام کے تمام اخراجات وزارت داخلہ برداشت کرے گی، جو تقریباً 3.5 کروڑ روپے بنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں سفر اب مفت، وزیراعظم کی ہدایت پر پبلک ٹرانسپورٹ 30 دن کے لیے فری
اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں عوامی ریلیف کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس میں سفر مفت ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات اور جنگ کے باعث دنیا معاشی بحران کا شکار ہے اور درآمدی تیل پر انحصار کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے، انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ مشکل حالات میں وہ تنہا نہیں چھوڑے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب آگے نکل گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی
تاہم خیبرپختونخوا میں کفایت شعاری پالیسی کے حوالے سے کوئی بڑا اعلان سامنے نہیں آیا جس کے باعث وہاں کے عوام اس قسم کی سہولیات سے محروم ہیں۔





