وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر ٹول پلازہ ٹیکس میں ہونے والا سہہ ماہی اضافہ فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو یکم اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جس کے بعد 5 اپریل سے ہونے والا ٹول ٹیکس میں اضافہ اب نافذ العمل نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں شہریوں پر مزید مالی بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا کیونکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو مشکل حالات کا سامنا ہے تاہم قوم متحد ہو کر اس صورتحال کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر کی جانب سے جاری کردہ ان تازہ احکامات کے بعد این ایچ اے نے فیسوں میں اضافے کا عمل روک دیا ہے۔





