عظمت اللہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سابق صوبائی وزیرتیمور سلیم جھگڑا اورتحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس کے دوران ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والے غیر ضروری اضافے سے عام پاکستانی اور غریب کاشتکار شدید متاثر ہو رہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عالمی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 96 ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن ویتنام کے بعد پاکستان وہ دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس معاملے میں پاکستان نے نائجیریا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اورثالثی کے نام پر جو کچھ کیا جا رہا ہے اس پر پارلیمان کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران حکومت کی معاشی منصوبہ بندی پر سوال اٹھاتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پلاننگ میں واضح فقدان ہے اور وہ مینجمنٹ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنی شاہ خرچیوں کو برقرار رکھنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی نہیں کر رہی، جس کا سارا بوجھ عوام کی جیبوں پر ڈالا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر فوری طور پر قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔





