ایک ہی دن میں لڑاکا طیارے، میزائل اور ڈرون تباہ، ایران کا بڑا دعویٰ

تہران: ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایک ہی دن میں متعدد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے لڑاکا طیاروں، میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی فورسز نے جمعہ کے روز دو جدید لڑاکا طیاروں کو مار گرایا، جبکہ اس کارروائی کو امریکی اور اسرائیلی فضائیہ کے لیے “یومِ سیاہ” قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایروسپیس ڈیفنس فورس نے وسطی ایران میں ایک جدید لڑاکا طیارہ تباہ کیا، تاہم طیارے کا پائلٹ بحفاظت باہر نکلنے میں ناکام رہا۔ مزید بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی A-10 جنگی طیارہ بھی مار گرایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق مختلف صوبوں میں کامیاب فضائی دفاعی کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران خمین اور زنجان میں دو کروز میزائلوں کو تباہ کیا گیا، جبکہ اصفہان میں دو جدید MQ-9 ڈرونز اور ایک ہرمیس ڈرون کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح بوشہر میں بھی ایک ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مارکیٹس کے اوقات میں بڑی تبدیلی؟ وزیر پیٹرولیم نے اشارہ دے دیا

ایرانی حکام کے مطابق یہ تمام کارروائیاں جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے انجام دی گئیں، جو ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ عالمی سطح پر بھی اس صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top