افغانستان ،کابل میں زلزلہ، ایک ہی خاندان کے 8 افراد ملبے تلے دم توڑ گئے

افغانستان ،کابل میں زلزلہ، ایک ہی خاندان کے 8 افراد ملبے تلے دم توڑ گئے

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زلزلے کے باعث ایک مکان منہدم ہونے سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔

طالبان حکام کے مطابق جمعے کی شام آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کابل صوبے کے ضلع بگرامی میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جن میں والدین، چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔

کابل گورنر کے میڈیا آفس کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکوں سے بگرامی کے علاقے گوسفندرہ میں ایک رہائشی مکان زمین بوس ہو گیا، جس کے ملبے تلے دب کر یہ جانی نقصان ہوا۔

حکام کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 181 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے علاوہ پاکستان اور بھارت میں بھی محسوس کیے گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس گہرائی کے زلزلے عموماً کم نقصان دہ ہوتے ہیں، تاہم افغانستان میں کچے اور خستہ حال مکانات کے باعث معمولی نوعیت کے زلزلے بھی بڑے سانحات کا سبب بن سکتے ہیں۔

Scroll to Top