ہنگو میں پاک فوج کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن،نوجوانوں نے جذبے اور جوش سے قومی ہم آہنگی کا پیغام دیا

ہنگو میں پاک فوج کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن،نوجوانوں نے جذبے اور جوش سے قومی ہم آہنگی کا پیغام دیا

پاک فوج کے زیر اہتمام ٹل، ضلع ہنگو میں ایک شاندار یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ تقریب میں سول انتظامیہ کے نمائندگان بشمول کمشنر کوہاٹ بھی موجود تھے۔

یوتھ کنونشن میں جی او سی، میجر جنرل شاہد امیر افسر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ کنونشن کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں قومی شعور بیدار کرنا اور انہیں ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرنا تھا۔ شرکاء نے قومی سلامتی، ترقی اور یکجہتی کے موضوعات پر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران نوجوانوں کو انتظامیہ اور پاک فوج کے نمائندوں کے ساتھ اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا موقع بھی ملا۔ شرکاء نے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور اس کاوش پر شکریہ ادا کیا۔

یہ یوتھ کنونشن قومی ہم آہنگی کے فروغ میں ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور مثبت تبدیلی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کی رہنمائی، کردار سازی اور ملکی خدمات کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور ہنگو کا یہ کنونشن اسی مقصد کو کامیابی سے پورا کرتا نظر آیا۔

Scroll to Top