نوکری بچاؤ یا سیاست؟ صوبے بھر میں سرکاری ملازمین پر سیاسی پابندی، خصوصی سیل قائم

نوکری بچاؤ یا سیاست؟ صوبے بھر میں سرکاری ملازمین پر سیاسی پابندی، خصوصی سیل قائم

خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے بھر میں سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اندر ایک خصوصی نگرانی سیل قائم کر دیا ہے۔

محکمہ نے جاری کردہ مراسلے میں تمام ضلعی تعلیمی افسران مرد و خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی سرکاری ملازم کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہ لے۔ بصورت دیگر، متعلقہ قوانین کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین:

کسی بھی سیاسی جماعت کے رکن نہیں بن سکتے،
کسی سیاسی جلسے، جلوس، مہم یا سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے،
اپنے عہدے، اختیار یا سرکاری وسائل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کر سکتے،
عوامی سطح پر ایسے سیاسی خیالات کا اظہار نہیں کر سکتے جو سرکاری فرائض کی غیر جانبداری کو متاثر کریں۔

قائم کردہ نگرانی سیل چار رکنی ٹیم پر مشتمل ہوگا، جس کے چیئر مین ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ مسعود اختر ہوں گے، جبکہ دیگر ارکان میں شمس الاسلام، نادیہ بیگم اور نینسی بیگم شامل ہیں۔

محکمہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین میں ضابطہ اخلاق آرڈینینس 1987 کے مکمل نفاذ اور سرکاری وسائل و عہدوں کے غیر مناسب استعمال کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔

Scroll to Top