ایرانی وزیر خارجہ اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے کو خط، جوہری تنصیبات پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہان کو خط لکھ کر ملک کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں سے آگاہ کیا ہے۔
خط میں ایرانی وزیر خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ جوہری تنصیبات پر حملے خطے کو سنگین خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کے نتیجے میں تابکاری کے پھیلاؤ کا خدشہ موجود ہے جو نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ یہ حملے دراصل امریکا اور اسرائیل کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات سے اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک جوہری تنصیبات پر کم از کم سات حملے ہو چکے ہیں جبکہ بوشہر جوہری پلانٹ پر بار بار حملے خاص طور پر تشویشناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی فعال جوہری پلانٹ کو نشانہ بنانا تابکاری کے بڑے خطرے کو جنم دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم رابطہ
خط میں عالمی برادری سے فوری توجہ اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے تاکہ خطے میں مزید کشیدگی اور ممکنہ تباہی سے بچا جا سکے۔





