تعلیم کے محافظوں کی صدا خاموش نہ رہ سکی! ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے پی ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا

تعلیم کے محافظوں کی صدا خاموش نہ رہ سکی! ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے پی ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا

ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی خیبرپختونخوا کے ملازمین نے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی کے خلاف صوبہ بھر میں سوموار سے قلم چھوڑ ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارہ قائم ہوئے تقریباً 13 سال ہو چکے ہیں، لیکن اب تک ان کے سی پی فنڈ اور جی پی فنڈ جیسے بنیادی مالی حقوق کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ملازمین نے الزام عائد کیا کہ جب بھی وہ اپنے حقوق کے لیے حکام سے رجوع کرتے ہیں تو انہیں افسران کی تبدیلی کا جواز دے کر ٹالا جاتا ہے۔

ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے اہلکار صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں کے ساتھ ساتھ بیک وقت 10 مختلف صوبائی محکموں اور امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ انجام دے رہے ہیں، لیکن دیگر سرکاری ملازمین کے برابر انہیں بنیادی حقوق فراہم نہیں کیے جا رہے۔

ملازمین نے بتایا کہ دورانِ ملازمت 5 ساتھی انتقال کر چکے ہیں، تاہم 12 سال سروس کے باوجود کسی متاثرہ خاندان کو حکومت کی جانب سے مالی امداد فراہم نہیں کی گئی، اور ساتھی ملازمین خود چندہ جمع کر کے مدد کرتے ہیں۔

ملازمین نے صوبائی حکومت کو انتہائی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی کابینہ ہنگامی اجلاس بلا کر ان کے بنیادی مطالبات منظور نہیں کرتے، یہ احتجاج اور قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیم کے شعبے میں ملازمین کی شدید مایوسی اور حکومت کی عدم توجہی کا عملی ثبوت ہے، اور اس سے صوبے کے تعلیمی نظام پر بھی ممکنہ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top