خیبر ضلع کے علاقے باڑہ کے نواحی گاؤں میلواڑ میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد فورسز نے کارروائی شروع کی، آپریشن کے دوران شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں جبکہ فتنہ الخوارج کی جانب سے بوکھلاہٹ میں کواڈ کاپٹرز (ڈرونز) کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق متعدد خوارج کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر تاحال تصدیق جاری ہے، مقامی رہائشیوں نے فضا میں مشتبہ ڈرونز کی پرواز کی تصدیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہید بچوں اور خواتین کی نماز جنازہ، وزیراعلیٰ کی غیر حاضری نے دکھ اور سوالیہ نشان چھوڑ دیا
خوارج کے ایک گروہ نے شہری آبادی میں پناہ لے رکھی ہے اور ایک گھر میں دو مقامی افراد کو یرغمال بنایا ہوا ہے، اس صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز نہایت احتیاط سے کارروائی کر رہی ہیں تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج ماضی میں بھی دباؤ کے وقت شہریوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور ڈرونز کا استعمال ان کی پرانی حکمت عملی کا حصہ رہا ہے۔
فورسز نے علاقے کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے اور آپریشن آخری اطلاعات تک جاری ہے۔





