صارفین کے لیے بڑی خوشخبری: آسان اقساط پر اسمارٹ فون ابھی حاصل کریں

اسلام آباد: آسان اقساط پر اسمارٹ فونز فراہم کرنے کے منصوبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں وزارت آئی ٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام متعلقہ فریقین اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ قسطوں پر موبائل فون دینے کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کیا جائے، جبکہ وزارت آئی ٹی نے اس حوالے سے پالیسی ڈائریکٹو بھی ترتیب دے دیا ہے۔

یہ منصوبہ جسے اسمارٹ فون فار آل کے نام سے نومبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا، صارفین کو آسان اقساط پر جدید موبائل فونز فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے مالی خطرات اور قانونی مسائل کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے تھے۔

ان خدشات کے پیش نظر یہ طے پایا کہ اگر کوئی صارف قسطوں کی ادائیگی میں ناکام رہتا ہے تو اس کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل اور ٹیلی کام سہولیات معطل کر دی جائیں گی، اور پی ٹی اے اس صارف کا موبائل فون بلاک کرنے کا اختیار رکھے گا۔

تاہم حکومت نے یہ تجویز مسترد کر دی کہ نادہندہ افراد کی تمام مالیاتی خدمات بند کر دی جائیں، کیونکہ یہ اختیار صرف اسٹیٹ بینک کے پاس ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 100 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول حاصل کرنے کا آسان طریقہ سامنے آ گیا

ایک چینی ٹیلی کام کمپنی کے نمائندے نے کہا کہ اگرچہ کچھ تجاویز منظور نہیں ہوئیں، لیکن آپریٹرز منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔

نادہندہ صارف کسی دوسرے نیٹ ورک کی سروس بھی حاصل نہیں کر سکے گا، اور پالیسی ڈائریکٹو جاری ہونے کے بعد تمام کمپنیوں پر اس پر عمل کرنا لازم ہوگا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ چینی ٹیلی کام اداروں نے موبائل فون بنانے والی کمپنیوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں تاکہ اسمارٹ فونز کی دستیابی کو تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔

توقع ہے کہ وزارت آئی ٹی کی جانب سے پالیسی جاری ہونے کے بعد یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر لے گا، جس سے صارفین کو آسان اقساط پر اسمارٹ فون حاصل کرنے کی سہولت میسر آئے گی۔

Scroll to Top