خیبرپختونخوا حکومت نے بارشوں کے دوران کانوں میں کام مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ معدنیات کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ معدنیات کے نوٹیفکیشن کے مطابق انڈرگراؤنڈ اور سطحی کانوں میں داخلہ اس دوران ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ کانوں میں لینڈسلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے، جبکہ بارش کے باعث سیلابی پانی داخل ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ مزید برآں، بجلی کے آلات کے استعمال سے حادثات کے امکانات بڑھ سکتے ہیں اور پھسلن کی وجہ سے مزدور گرنے کے واقعات بھی رونما ہو سکتے ہیں۔
محکمہ معدنیات نے مزدوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں اور اپنی اور ساتھیوں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دینا ضروری ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔





