راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پس پردہ کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ ہماری بات چیت شروع ہوئی تھی لیکن اسکا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت مذاکرات کو چلانے میں ناکام رہی ہے، اچھا ہوتا بات چیت میں پیشرفت ہوتی سیاسی مسئلے کا سیاسی حل نکلنا چاہیے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے قانونی معاملات پر پی ٹی آئی کے مرکزی وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی حکمت عملی مختلف مراحل میں تبدیل ہوتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتداء میں سرکار نے ٹی ٹوئنٹی طرز کی حکمت عملی اپنائی، بعد ازاں القادر کیس میں ون ڈے فارمیٹ اختیار کیا گیا، اور اب ٹیسٹ میچ کی حکمت عملی کے تحت لمبی تاریخیں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں اڈیالہ جیل میں سماعتیں متوقع نہیں ہیں، اور امید ظاہر کی کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کے کیسز پر ترجیحی بنیادوں پر فیصلے کریں گے۔