فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلندہوا،لیگی ایم پی اے سیدہ سونیا شاہ

مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کی رہنما سیدہ سونیا شاہ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے فیلڈ مارشل پر فخر محسوس کرنا چاہیے جنہوں نے پاکستان کے مقام کو ہر سطح پر سربلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جو جنگ پیک لیول تک پہنچ چکی تھی، اس میں حالیہ وقفہ اور بہتری کا تمام تر کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ہماری سیاسی قیادت کو جاتا ہے ۔

سیدہ سونیا شاہ کا کہنا تھا کہ یہاں حافظ سیدعاصم منیر جیسا مردِ مجاہد اور ایسی سیاسی قیادت موجود ہے جو حالات سے نمٹنا اور اپنا مقام منوانا جانتی ہے۔ آج فخر کا مقام ہے کہ بحری جہازوں پر جہاں پاکستان کا جھنڈا نظر آتا ہے، انہیں راستہ دے دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنیان و مرصوص کی کامیابی سے لے کر غضب للحق تک فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی سرپرستی میں پاک فوج نے جو معرکے سر انجام دیے ہیں وہ 75 سالہ تاریخ میں بے مثال ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فیلڈ مارشل عاصم منیر پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ مستقبل میں بھی جنگی حالات کو روکنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

سیدہ سونیا شاہ نے زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر اپنی افواج کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ سرحد پار سے ہونے والی کارروائیوں کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اداروں اور بالخصوص پاکستان آرمی پر مکمل اعتماد رکھیں کیونکہ یہی وہ ڈھال ہے جو ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے ملک کی سلامتی اور پاک فوج کی استقامت کے لیے دعا بھی کی۔

Scroll to Top