پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شازیہ طہماش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی ہمیشہ سے یہ مخلصانہ کوشش رہی ہے کہ اس خطے اور ہمارے تمام ہمسایہ ممالک میں پائیدار امن قائم ہو۔
اس سلسلے میں انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے پیش کی گئی امن تجاویز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
شازیہ طہماش نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اس تجویز کی بھرپور حمایت کی جس میں انہوں نے تینوں ممالک کے درمیان 45 دنوں کے لیے فوری جنگ بندی اور اس دوران عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمزکو کھلا رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجاویز نہایت دانشمندانہ ہیں کیونکہ عالمی کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے ہماری معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ اس جنگی صورتحال کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی پر بہت گہرا اثر پڑا ہے اور ملک میں مہنگائی و گرانی کا طوفان آ چکا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ 45 دن کا عرصہ اتنا وقت فراہم کرتا ہے جس میں متعلقہ ممالک آپس میں بیٹھ کر صلح اور مستقل امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کبھی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی بلکہ یہ صرف تباہی اور نقصان کا باعث بنتی ہے، اس لیے تمام فریقین کو ان تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
شازیہ طہماش کا کہنا تھا کہ ان تجاویز پر عمل درآمد سے نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ معاشی صورتحال میں بہتری آنے سے عام آدمی کو بھی ریلیف مل سکے گا۔





