خیبرپختونخوا حکومت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیشِ نظر کم آمدنی والے طبقے کے لیے احساس فیول سپورٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کی رجسٹریشن کا عمل آج 6 اپریل سے شروع ہو گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے اس پروگرام کا بنیادی مقصد روزانہ سفر کرنے والے شہریوں اور چھوٹے ٹرانسپورٹرز پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
اس اسکیم کے تحت اہل افراد کو ماہانہ 2000 روپے بطور ایندھن سبسڈی فراہم کی جائے گی اور یہ پروگرام خاص طور پر موٹر سائیکل، اسکوٹر اور رکشہ مالکان کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور شفاف بنانے کے لیے دستک ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے اہل شہری کسی بھی دفتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں کو یہ سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کی جائے گی تاکہ نظام میں مکمل شفافیت برقرار رہے۔ و
زیراعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع جان کا کہنا ہے کہ یہ قدم براہِ راست غریب طبقے اور روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والوں کو ریلیف پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید ریلیف اقدامات متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہے۔





