پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کے اسٹار اوپنر فخر زمان نے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی گردش کرتی خبروں پر اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔
قومی کرکٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے اختتام کے بعد کھیل کو خیرباد کہنے پر سنجیدگی سے غور کیا تھا لیکن بعد میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے کرکٹ جاری رکھنے کا ارادہ کر لیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال ان کا ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ اپنے ٹی 20 کیریئر کو ایک شاندار اور یادگار طریقے سے ختم کرنے کے خواہشمند ہیں۔
واضح رہے کہ 35 سالہ فخر زمان پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک کلیدی کھلاڑی کی حیثیت رکھتے ہیں جن کا ریکارڈ انتہائی متاثر کن رہا ہے۔
انہوں نے اب تک 120 بین الاقوامی میچز میں 132.51 کے عمدہ اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 2 ہزار 494 رنز بنائے ہیں جن میں 14 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
فخر زمان پی ایس ایل میں بھی اپنی دھواں دار بیٹنگ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں جہاں وہ مسلسل 11ویں سیزن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔





