اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا، مولانا فضل الرحمان کا حکومت کے خلاف بڑا اعلان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث قرار دیتے ہوئے آئندہ جمعے کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی اندرونی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافے، خصوصاً پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ، عوام کی زندگی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے اور عام آدمی کا سکون چھین لیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے بعض قوانین پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا، جن میں گھریلو تشدد، ٹرانس جینڈر سے متعلق قانون سازی، کم عمری کی شادی پر پابندی اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے قوانین شریعت سے متصادم ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ بیوی کو شوہر کی جائیداد میں 50 فیصد حصہ دینے سے متعلق قانون سازی پر کام ہو رہا ہے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت غیر مستحکم ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سہارے قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ کی خبریں، اسٹار بیٹر فخر زمان کا ردعمل سامنے آگیا

ان کے مطابق ایسی حکومت کے خلاف احتجاج کرنا ان کا آئینی و جمہوری حق ہے، جبکہ جے یو آئی ہر صورت اسلامی قوانین کا دفاع جاری رکھے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 12 اپریل کو مردان میں ایک بڑے اجتماع کے ذریعے حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے، تاکہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کی پوزیشن سے سیاسی قیادت کو آگاہ کیا جا سکے۔

عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا، اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے اور فلسطین، ایران سمیت دیگر اسلامی ممالک کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو کہ تشویشناک ہیں۔

Scroll to Top