سینیٹ انتخابات: بشریٰ بی بی کے ڈرائیور بھی امیدوار کے طور پر میدان میں آ گئے

پشاور: خیبرپختونخوا سے سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں اپوزیشن قیادت اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی اجلاس کی کہانی سامنے آگئی ہے، جس میں پارٹی کے اہم فیصلوں اور متنازعہ امیدواروں کے نام شامل ہیں۔

نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے سینیٹ کی خالی نشست کے لیے عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری کیا ہے، جبکہ پارٹی کے اندر کورنگ امیدواروں کی فہرست میں متنازعہ نام بھی شامل ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ بانی پارٹی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ڈرائیور بھی کورنگ امیدوار کے طور پر سامنے آیا ہے۔

غلام بادشاہ، جو بشریٰ بی بی کے ڈرائیور ہیں، کو پارٹی نے کورنگ امیدوار بنایا، جبکہ سجاد مہمند کو بھی کورنگ امیدوار کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام تجویز کیا تھا، تاہم پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے ان کا نام مسترد کرکے عرفان سلیم کا نام حتمی کیا۔ عرفان سلیم کے نام پر کچھ پارٹی رہنماؤں کو خدشات تھے کیونکہ ان کے خلاف 9 مئی کے مقدمات زیر التوا ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو کورنگ امیدوار کے طور پر شامل کرنے پر اتفاق کیا، اور بیرسٹر گوہر نے انہیں بطور کورنگ امیدوار شامل کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کو ایک رات میں تباہ کیا جا سکتا ہے، شاید وہ رات آج ہی ہو، ٹرمپ کی دھمکی

تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ان کی تجویز کے بجائے بشریٰ بی بی کے ڈرائیور کو کورنگ امیدوار کے طور پر شامل کروایا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ شاہد خٹک نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو کسی بھی طور فہرست میں شامل کرنے کی مخالفت کی، جبکہ پارٹی قائدین نے بشریٰ بی بی کے ڈرائیور کو کورنگ امیدوار بنانے پر بھی اعتراض اٹھائے۔

یہ پیش رفت پارٹی کے اندر جاری اختلافات اور امیدواروں کے انتخاب میں سیاستی کشمکش کی عکاسی کرتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کے چناؤ کے عمل میں ذاتی اور سیاسی مفادات کی کشمکش نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

Scroll to Top