وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 9 اپریل کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلسے کے لیے این او سی جاری نہ کیا گیا تو پورے ملک کو جلسہ گاہ بنا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’جہاں ہمیں روکا گیا، وہیں احتجاجی جلسہ منعقد کریں گے۔‘‘
سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ 9 اپریل کو صبح 11 بجے پشاور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گے، جبکہ راستے میں مختلف اضلاع سے کارکنان بھی قافلے میں شامل ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت، خواہ بارش ہو، گرمی یا سردی، انہیں اپنے مقصد سے نہیں روک سکتی اور وہ ہر صورت لیاقت باغ پہنچیں گے۔
اس موقع پر رہنما جنید اکبر نے بتایا کہ لیاقت باغ میں جلسے کے انعقاد کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرائی جا چکی ہے، تاہم پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ اجازت ملے یا نہ ملے، جلسہ ہر صورت منعقد کیا جائے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اس اعلان کے بعد 9 اپریل کو راولپنڈی کی سیاسی صورتحال اہم رخ اختیار کر سکتی ہے۔





