سعودی عرب پر حملے غیر ضروری کشیدگی ہے، کورکمانڈرز کانفرنس

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈر ز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

فورم نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے۔

فیلڈمارشل سید عاصم منیرنے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لئے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت، مسلح افواج ، عوام کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے کامیابیوں کو مزید مستحکم،معاشی استحکام کو مضبوط اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت کو بہتر بنا نے میں گامزن ہے ۔

کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کے ایما پر کام کرنے والے دہشت گرد پراکسی عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا بلا امتیاز خاتمہ کیا جائے گا۔

شرکاء نے آپریشن غضب لِلحق کی رفتار برقرار رکھنے اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے پر زور دیا۔

فورم نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی حکومتی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے فعال علاقائی سیکیورٹی اسٹیبلائزر کے کردار کا اعادہ کیا۔

کور کمانڈرز نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل اور صنعتی کمپلیکس پر ایران کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر ضروری کشیدگی اور پرامن کوششوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

فورم نے سعودی عرب کے تحمل اور سفارتی رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بلاجواز جارحیت سازگار ماحول کو متاثر کرتی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات چھپانےاور جعلی مقابلوں پر بھی تشویش کا اظہارکیاگیا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس ، نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

فیلڈ مارشل نے مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Scroll to Top