بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کےلیے اہم الرٹ جاری

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو خبردار کیا ہے کہ ٹریول ایجنسیوں کا ویزا فراہمی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، لہٰذا انہیں کسی بھی قسم کی ادائیگی نہ کی جائے۔

بیورو نے واضح کیا ہے کہ ٹریول ایجنسی کا کام صرف سفر کے لیے ٹکٹ بک کرنا ہے، وہ ویزا دینے کا اختیار نہیں رکھتیں۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک ملازمت کے لیے صرف بیورو کی ویب سائٹ پر موجود فارن جابز پورٹل کا استعمال کریں اور صرف لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسیوں سے براہ راست رابطہ کریں۔

بیورو آف امیگریشن کے مطابق ملازمت کے نام پر ہونے والی کسی بھی قسم کی دھوکا دہی یا غیر قانونی رقم کے مطالبے کی صورت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو فوری طور پر درخواست دی جا سکتی ہے۔

اس انتباہ کا مقصد سادہ لوح شہریوں کو ویزا فراڈ سے بچانا اور انہیں درست قانونی طریقہ کار کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اپنے سرمائے اور مستقبل کا تحفظ یقینی بنا سکیں۔

Scroll to Top