اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم کو پٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے کفایت شعاری سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے نافذ العمل مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا ایک حصہ پٹرولیم مصنوعات پر منحصر ہے، اور مارکیٹس 8 بجے بند کرنے کے اقدامات کا مقصد نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچانا بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔
اجلاس میں شرکا کو سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی تاکہ مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات کو 8 بجے بند کرنے کے انتظامات یکساں طور پر نافذ ہوں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں سے تیل پر سبسڈی کے حامل افراد کے کوائف موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں، اور تصدیق کے بعد ایک شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انہیں سبسڈی کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی صدر سے ڈیڈلائن میں دو ہفتے توسیع کی اپیل
اس کے علاوہ وزارت آئی ٹی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے 4 اپریل سے مال بردار گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں کو سبسڈی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
اجلاس میں شریک شخصیات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر احسن اقبال، عبد العلیم خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، سردار اویس احمد لغاری شامل تھے۔
مزید براںوزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق باجوہ اور طلحہ برکی، گورنر سٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ یہ اقدامات ملکی معیشت کی مضبوطی اور توانائی کے شعبے میں استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہیں، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں فعال کردار ادا کریں تاکہ پٹرول اور بجلی کی بچت یقینی بنائی جا سکے۔





