امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے بعد جامع مذاکرات پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے جا رہے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات جمعے کو ہوں گے اور اس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مذاکرات کا مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور طویل مدتی امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں دونوں ممالک کی اہم شخصیات شریک ہوں گی۔ ایران کی جانب سے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شریک ہوں گے، جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف شرکت کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ پاکستان کی ثالثی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے، اور امریکی و ایرانی حکام نے بھی پاکستانی اقدامات کی تعریف کی ہے۔
ماہرین کے مطابق اسلام آباد میں متوقع یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اس پیش رفت پر مرکوز ہیں۔





