سب کو بہت بہت مبارک،پاکستان دنیا کی بہت بڑی جنگ رکوانے میں کامیاب ہوا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا بھر میں عزت دی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عالمی جنگ رکوانے میں کامیاب ہوا ہے اور آج پوری دنیا پاکستان کو ایک بااعتماد ثالث کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عرب ممالک اور عالمی طاقت امریکہ سمیت پوری دنیا کی نظریں اس وقت پاکستان پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی اس کامیابی نے خطے اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کر دیا ہے، جس کا اعتراف اب ہر سطح پر کیا جا رہا ہے۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ ہائبرڈ ماڈل نے گزشتہ دو تین سالوں میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ریاست کے طاقتور مراکز مل کر کام کرتے ہیں تو پاکستان عالمی سطح پر اسی طرح کی بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی اب عالمی سیاست میں بے اثر ہو چکے ہیں اور بھارتی میڈیا اس صورتحال پر تڑپ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو سفارتی محاذ پر دھول چٹائی ہے اور بھارت اب تک اپنی کھوئی ہوئی عزت بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کو بھی اس بات کی حیا کرنی چاہیے جو ہم نے اتنے برس میزبانی کی، اگر افغانستان اس میزبانی کا لحاظ نہیں کرتا تو ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں۔

Scroll to Top