ترکیہ اور قطر کا امریکا ایران جنگ بندی کا خیر مقدم، پاکستان کے کردار کی تعریف

ترکیہ اور قطر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے باضابطہ پیغامات جاری کر دیے ہیں۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ رات ہونے والی جنگ بندی پر وہ اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 28 جنوری سے جاری اس جنگ نے خطے کو تباہی سے دوچار کیا تھا۔

صدر اردگان نے امید ظاہر کی کہ اس جنگ بندی پر زمینی سطح پر مکمل عمل درآمد ہوگا اور کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی یا تخریب کاری کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے اس موقع پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوست اور برادر ملک کے شکر گزار ہیں اور چاہتے ہیں کہ خطے کو امن، سکون اور استحکام حاصل ہو۔

دوسری جانب قطری وزارت خارجہ نے بھی امریکا ایران جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

قطر کا کہنا ہے کہ تناؤ کو روکنے کے لیے اس پیش رفت کو فوری طور پر آگے بڑھانا ضروری ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ نے اپنے پیغام میں خاص طور پر وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کے باعث ہی یہ ناممکن جنگ بندی ممکن ہو سکی ہے۔ قطر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ پائیدار امن کے حصول کے لیے اس جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے

Scroll to Top