حکومت کی اپیل پرپی ٹی آئی کا 9 اپریل کا جلسہ ملتوی

حکومت کی اپیل پرپی ٹی آئی کا 9 اپریل کا جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے حکومتی وفد کی جانب سے کی جانے والی باقاعدہ درخواست کے بعد 9 اپریل کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر وفاقی وزرا اور حکومتی اتحادیوں نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن اراکین سے ملاقات کی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور امین الحق شامل تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے محمود خان اچکزئی،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور جنید اکبر نے نمائندگی کی۔

حکومتی وفد نے موجودہ حالات میں اپوزیشن کی غیر مشروط حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے 9 اپریل کا احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل کی جسے منظور کر لیا گیا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے جلسہ ملتوی کرنے کی تصدیق کی ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ملاقات کے دوران جلسہ منسوخ کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی جس پر یہ فیصلہ کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس ملاقات میں گفتگو کا محور صرف خارجہ امور کے معاملات رہے۔

Scroll to Top