پی ایس ایل 11 کے 15ویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم پشاور زلمی کے بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے بولرز نے درست ثابت کر دکھایا۔
حیدرآباد کی جانب سے کوشل پریرا 58 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان مارنس لبوشین نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں معاذ صداقت 17 اور صائم ایوب 14 رنز بنا سکے، جبکہ شرجیل خان صرف 2 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے اور عثمان خان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سفیان مقیم اور افتخار احمد نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حیدرآباد کنگزمین کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ اب تک تین میچز کھیل کر کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہیںجبکہ پشاور زلمی دو میچوں میں تین پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔





