اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد متعلقہ وزارتوں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے مثبت اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں۔
دو ہفتوں کی جنگ بندی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 16 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے سبب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کا رحجان واضح طور پر سامنے آیا ہے۔
اس کمی کے باعث عوام کو براہِ راست ریلیف ملنے کے امکانات ہیں اور پاکستان میں بھی قیمتیں بتدریج کم ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں فی لٹر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 سے 60 روپے تک کمی کی تجویز زیر غور ہے، تاہم حتمی فیصلہ عرب خام تیل کی مزید دو روزہ مانیٹرنگ کے بعد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : قومی یکجہتی کا تاریخی دن، اپوزیشن کا حکومت اور پاک فوج کے ساتھ غیر مشروط تعاون کا اعلان
وزیراعظم نے وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرولیم کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔
حکومت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے اور امکان ہے کہ وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عوامی ریلیف کے لیے حکومت ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بھی اقدامات پر غور کر رہی ہے، جس میں کرایوں کو مستحکم رکھنا اور مال برداری کے اخراجات کم کرنا شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں خطے میں کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتیں بڑھ گئی تھیں، تاہم جنگ بندی کے بعد حالات میں بہتری آ رہی ہے اور امید ہے کہ قیمتیں بتدریج کم ہو کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گی۔





