انڈر 18 اور سینئر ٹیم کے لیے بڑا موقع، اوپن ٹرائلز کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی منظوری کے بعد انڈر 18 اور پاکستان سینئر ٹیم کے لیے ملک گیر اوپن ٹرائلز اور سینئر ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل انڈر 18 چیمپئن شپ 9 سے 19 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس کے دوران سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لے گی۔

وہ کھلاڑی جو چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے، ان کے ٹرائلز 20 اور 21 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ اس موقع پر چیئرمین سلیکشن کمیٹی، اولمپین سمیع اللہ سمیت دیگر کمیٹی کے اراکین اور ہیڈ کوچ بھی موجود رہیں گے۔

انڈر 18 کے اوپن ٹرائلز 16 اپریل کو لاہور میں منعقد ہوں گے، جن کی نگرانی چیف سلیکٹر سمیع اللہ، عاطف بشیر، ایم خالد اور ہیڈ کوچ قمر ابراہیم کریں گے۔

پاکستان سینئر ٹیم کے اوپن ٹرائلز13 اپریل کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم، کراچی میں ہوں گے۔ نیشنل ٹیم کے پچھلے 28 کھلاڑی اور اسٹینڈ بائی لسٹ میں شامل کھلاڑی ان ٹرائلز سے مستثنیٰ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمتوں کے بارے میں بڑی خوشخبری سامنے آ گئی

لاہور میں سینئر ٹیم کے ٹرائلز 15 اپریل کو منعقد ہوں گے، جبکہ پشاور میں اوپن ٹرائلز 23 اپریل کو ہوں گے، جن میں پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ منظور الحسن شریک ہوں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان سینئر ٹیم کا باقاعدہ ٹریننگ کیمپ یکم مئی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس میں منتخب کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں کی تیاری کے لیے مکمل تربیت دی جائے گی۔

Scroll to Top