اسپین جانے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم اعلان

اسلام آباد: بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اسپین کی نئی ریگولرائزیشن پالیسی سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے غلط پروپیگنڈے یا ایجنٹس کے جھانسے میں نہ آئیں۔

جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ اسپین کی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا حالیہ فیصلہ صرف ان افراد کے لیے ہے جو 31 دسمبر 2025 سے پہلے وہاں مقیم ہیں اور مقررہ شرائط پر پورا اترتے ہیں۔

بیورو کے مطابق اس پالیسی کا اطلاق نئے آنے والے افراد پر ہرگز نہیں ہوگا اور نہ ہی مستقبل قریب میں کسی نئی اسکیم کے متعارف ہونے کا کوئی امکان ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ جو افراد اب غیر قانونی طور پر اسپین جانے کی کوشش کریں گے، انہیں اس پالیسی کے تحت کسی قسم کی قانونی حیثیت نہیں ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں : سمیں بلاک ہونے کا عندیہ، پی ٹی اے نے صارفین کو خبردار کر دیا

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل آخری بار ایسی ریگولرائزیشن اسکیم 2005میں متعارف کرائی گئی تھی، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں۔

حکام نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ایجنٹ کے جھانسے میں آ کر اپنی جان اور سرمایہ خطرے میں نہ ڈالیں۔

Scroll to Top