خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، افواجِ پاکستان کی ریسکیو کارروائیاں جاری

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ مہمند، باجوڑ، تیراہ، چترال اور خیبر میں مسلسل بارشوں کے باعث سڑکیں، پل اور مکانات متاثر ہوئے، جس سے مقامی آبادی شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔

ایف سی کے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے جوان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

انہوں نے نہ صرف شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا بلکہ ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمی و بیمار افراد کی دیکھ بھال بھی کی۔

ایف سی کے جوانوں کے ہمراہ نرسنگ اسٹاف بھی موجود تھا، جس نے متاثرین کی طبی ضروریات کو یقینی بنایا اور انہیں بنیادی سہولیات مہیا کیں۔

مقامی افراد نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں اور انسانیت دوست رویے کو سراہا اور ان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کی نظریں پاکستان پر، امریکا ایران وفود آج اسلام آباد پہنچیں گے

سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل متاثرہ علاقوں میں حالات کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ ضرورت مندوں تک فوری مدد پہنچائی جا سکے۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران افواجِ پاکستان کی بروقت اور موثر کارروائی نے عوام کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ایک بار پھر یہ واضح کر دیا کہ مشکل وقت میں فوجی اہلکار عوام کے لیے سب سے مضبوط سہارا ہیں۔

Scroll to Top