پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں پہلی بار روبوٹک سرجری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو جدید میڈیکل سائنس کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ماہرین کے مطابق، روبوٹک سرجری میں آپریشن ڈاکٹرز ہی کرتے ہیں، تاہم انہیں ایک جدید روبوٹک سسٹم کی مدد حاصل ہوتی ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے انتہائی باریک آلات اور ہائی ڈیفینیشن کیمرے استعمال کیے جاتے ہیں جو جسم کے اندرونی حصوں کو واضح انداز میں دکھاتے ہیں۔ اس جدید ٹیکنالوجی سے لیس نظام کے لیے ڈاکٹرز کو خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے پیچیدہ آپریشنز زیادہ درست انداز میں اور کم وقت میں ممکن ہوتے ہیں، جبکہ انسانی ہاتھ سے ہونے والی معمولی غلطیوں کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔
روبوٹک سرجری سے مریضوں کو کئی اہم فوائد حاصل ہوتے ہیں، جن میں کم زخم، کم خون کا ضیاع، انفیکشن کے کم امکانات اور تیز ریکوری شامل ہیں۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں اس جدید سہولت کے آغاز کے بعد خیبرپختونخوا کے مریضوں کو اب جدید علاج کے لیے دیگر بڑے شہروں یا بیرونِ ملک جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ اقدام صوبے میں جدید صحت کی سہولیات کے فروغ کا ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔





