نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے پہلے تجدید کروانے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔
نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے کی صورت میں شہری نہ صرف بینک اکاؤنٹس اور موبائل سمز بلکہ دیگر اہم سرکاری اور فلاحی سہولیات سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔
نادرا ریکارڈ کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کروڑوں شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی میعاد ختم ہو چکی ہے جنہیں فوری طور پر ری نیو کروانے کی ضرورت ہے جس کے لیے شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے یاد دہانی بھی کرائی جا رہی ہے۔
پی ٹی اے کی ہدایات کی روشنی میں بتایا گیا ہے کہ موبائل سروس کے تسلسل کے لیے فعال شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہے اور کارڈ کی میعاد ختم ہونے پر موبائل سمز بلاک کی جا سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت 81 لاکھ سے زائد سمز ایسے شناختی کارڈز پر فعال ہیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔
فوت شدگان کے نام پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہیں۔شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متوفی رشتہ داروں کی سمز فوری طور پر اپنے نام منتقل کروائیں۔
نادرا حکام نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال جون کے بعد شناختی کارڈ کی تاخیر سے تجدید پر اضافی فیس اور جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔
وہ نوجوان جن کی عمر 18 سال ہو چکی ہے، انہیں فوری طور پر اپنا پہلا شناختی کارڈ بنوانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کارڈ کی تجدید کے لیے شہری قریبی نادرا مراکز، پاک آئی ڈی موبائل ایپ یاای سہولت مراکز سے رجوع کر سکتے ہیں۔





