بنوں : بنوں کے علاقے غوریوالہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق تھانہ غوریوالہ کی نفری معمول کی گشت پر تھی کہ نیو سی پیک روڈ (زیر تعمیر) کے قریب مغل خیل کے علاقے میں مشتبہ افراد سے سامنا ہوا۔
اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو مبینہ ڈاکو، سفید عرف ٹافی ولد ممتاز علی شاہ اور شاہ زیب ولد عمر زیب، اپنے ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گئے، جنہیں موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ میں گرفتار افراد نے انکشاف کیا کہ ان کے دیگر ساتھی، محمود ولد نیک جل شاہ اور فاروق ولد سناور، موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان سے دو پستول اور ایک شہری سے چھینی گئی 3 لاکھ 5 ہزار 200 روپے کی نقد رقم برآمد کی۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد ماضی میں بھی جرائم میں ملوث رہے ہیں اور مختلف تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سینئر سیاست دان اور سابق گورنر انتقال کر گئے
مزید برآں وہ تھانہ غوریوالہ میں درج ایک مقدمے میں بھی مطلوب تھے جس میں اقدام قتل، ڈکیتی اور رہزنی کے الزامات شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے مزید اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے، جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
اعلیٰ پولیس حکام نے اس کامیاب کارروائی پر ٹیم کو سراہا ہے، جبکہ مقامی افراد نے بھی پولیس کی کارکردگی کو مثبت قرار دیا ہے۔





