سعودی عرب سے پروازوں کے حوالے سے مسافروں کے لیے اہم اعلان

ریاض: سعودی ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ 11 اپریل (ہفتہ) سے دبئی، ابوظبی اور عمان کے لیے جزوی طور پر فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پروازیں مرحلہ وار دوبارہ شروع ہوں گی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب سے دبئی، ابوظبی اور سلطنت عمان کے لیے پروازیں روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائیں گی۔

ایئرلائن انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث 28 فروری سے ان روٹس پر پروازیں معطل کر دی تھیں، جنہیں اب بتدریج بحال کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کویت کی سول ایوی ایشن جنرل ڈائریکٹوریٹ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رات گئے بنوں پولیس کی کامیاب کارروائی، بڑا منصوبہ ناکام

اتھارٹی کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات گمراہ کن ہیں اور کسی بھی مجاز ادارے کی جانب سے پروازوں کی بحالی کی منظوری نہیں دی گئی۔

ترجمان عبداللہ الراجی نے واضح کیا کہ ہوائی اڈہ تاحال بند ہے اور فضائی ٹریفک کی بحالی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے کے بجائے صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر انحصار کریں۔

Scroll to Top