تہران: ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت روکنے کے لیے عبوری جنگ بندی کے قیام میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر تہران اسلام آباد کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مجوزہ مذاکرات میں فعال طور پر اور مکمل اتھارٹی کے ساتھ شرکت کرے گا، اور ان مذاکرات کا مقصد ایران کی فوجی کامیابیوں کو سفارتی سطح پر مزید تقویت دینا ہوگا۔
محمد رضا عارف نے امریکا کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی پالیسیوں کے باعث اعتماد کا فقدان برقرار رہے گا۔ ان کے مطابق ایران کو امریکا کی دھوکہ دہی پر مبنی فطرت کے باعث محتاط رہنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں موجود استحکام اور طاقت کی بنیاد شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نظریاتی قیادت ہے، جو قوم کی امنگوں اور ایک مضبوط نظام کی نمائندگی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس لائنز میں خواتین اہلکاروں کے لیے بڑا ریلیف، اہم منصوبہ مکمل
ایرانی نائب صدر کے مطابق حالیہ 40 روزہ صورتحال میں ایران نے نہ صرف دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کیا بلکہ قوم کے عزم نے نئے اسٹریٹجک راستے بھی کھولے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال نہ صرف فوجی کامیابی ہے بلکہ علاقائی اور عالمی سطح پر ایک اہم اسٹریٹجک تبدیلی کا نقطہ بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ کسی بڑی شخصیت کے نقصان سے ایران کمزور ہو جائے گا، تاہم ایرانی قوم نے سیاسی اور سیکیورٹی محاذ پر بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے مخالفین کو شکست دی۔
بیان میں انہوں نے ایران میں ہونے والے عوامی مظاہروں کو سافٹ پاور قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اندرونی طاقت کا مظہر ہیں جو ملک کے مؤقف کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔





