چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت ایس آئی ایف سی اجلاس، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم اقدامات

پشاور: انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبے میں اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف سیکرٹری نے ایس آئی ایف سی کو ایک انقلابی پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانا، مربوط حکمت عملی اختیار کرنا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ درپیش چیلنجز کو فوری حل کریں تاکہ پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس میں مختلف محکموں نے ایس آئی ایف سی فریم ورک کے تحت اپنے اقدامات پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں ایک خصوصی یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کی، جو ایس آئی ایف سی منصوبوں کی نگرانی اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور اسپیشل ٹیکنالوجی زونز

اجلاس میں کلاؤڈ فرسٹ پالیسی اور ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ کے معاہدے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ان منصوبوں کو صوبے میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے کلیدی عوامل قرار دیتے ہوئے ان کی تکمیل کو ضروری قرار دیا۔ اس کے علاوہ، پشاور، سوات اور مردان میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ درپیش رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پردور کریں۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا: ترقیاتی منصوبوں کے لیے نئے ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز

جاری منصوبوں پر تفصیلی غور

اجلاس میں ماحولیات، سیاحت، بنیادی ڈھانچے، توانائی، صنعت اور صحت کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ان منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام محکموں کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

آگے کا لائحہ عمل

چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی صوبے کی اقتصادی ترقی میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی حکمت عملی کو کونسل کے اہداف کے مطابق ترتیب دیں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون، جدت اور مؤثر گورننس کو یقینی بنائیں۔

Scroll to Top