امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات کے مثبت اثرات عالمی منڈی تک پہنچنے لگے ہیں جہاں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اب پاکستان میں بھی عوام کے لیے بڑے ریلیف کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
عالمی سطح پر تناؤ میں کمی نے توانائی کی مارکیٹ کو مستحکم کر دیا ہے جس کا فائدہ براہِ راست مقامی صارفین تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارشات تیار کی جا رہی ہیں۔
اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ایک رپورٹ مرتب کی ہےاور قیمتوں سے متعلق سمری اب تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے تیار کردہ اس سمری میں عالمی منڈی کے اثرات کو بنیاد بناتے ہوئے پیٹرول اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی تجاویز شامل کی جا رہی ہیں۔ یہ اہم دستاویز جلد ہی وزارت خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔وزارت خزانہ میں جائزے کے بعد یہ سمری حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوائی جائے گی۔
وزیراعظم کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔





