اسلام آباد میں غیر ملکی وفود اور بین الاقوامی مہمانوں کی آمد کے پیشِ نظر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث شہر کے تمام بازاروں اور مارکیٹوں کو تین روز کے لیے مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو شہر کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے جس کا مقصد سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔
مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام ایس پی راول ٹاؤن اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر سمیت اعلیٰ حکام کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔
تاجر برادری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کریں اور موجودہ حساس صورتحال کے پیشِ نظر اپنی دکانیں بند رکھ کر انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں۔
اعلامیے میں تاجروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی مشکل سے بچنے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے۔
انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اگر بندش کے اس فیصلے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا نرمی کی گئی تو تمام تاجروں کو اس حوالے سے فوری طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔





