اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ایک نازک اور تاریخی موقع پر خطے میں جنگ کے بجائے امن کی فضا قائم ہو رہی ہے، جہاں فریقین اب بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر آمادہ ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ اب اصل مرحلہ دیرپا امن کے لیے مذاکرات کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں بتایا کہ دونوں فریقین ان کی دعوت پر اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے آ رہے ہیں، جہاں پاکستان بطور میزبان اپنا کردار ادا کرے گا۔
“ان نازک ترین لمحات میں پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط انداز میں مگر بڑے اعتماد کے ساتھ دونوں فریقین کو عارضی جنگ بندی پر نا صرف راضی کیا بلکہ اسلام آباد آنے کے لیے پُرخلوص دعوت بھی دی، اس کے لیے میں ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار صاحب اور ان کی ٹیم کو دن رات کی محنت اور خلوصِ دل… pic.twitter.com/OeRz6wBjjl
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) April 10, 2026
انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے کہ امن کے لیے ایک اہم سفارتی پلیٹ فارم اسلام آباد میں قائم ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو تاریخ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی ،وزیراعظم
شہباز شریف کے مطابق اس اہم پیش رفت میں ایران اور امریکا کی قیادت کا بھی کردار ہے جنہوں نے عارضی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی درخواست اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں یہ مثبت پیش رفت ممکن ہوئی۔
“آج میں آپ سے ایک تاریخ ساز موقع پر بات کر رہا ہوں، ایسے موقع پر جب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں جنگ نہیں بلکہ امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔ وہ فریقین جو کل تک جنگ میں آمنے سامنے تھے اور خطہ تباہی کا منظر پیش کر رہا تھا، آج الحمدللہ دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر… pic.twitter.com/jTsSYwwH4x
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) April 10, 2026
وزیر اعظم نے کہا کہ نازک ترین صورتحال میں پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط مگر پراعتماد انداز میں دونوں فریقین کو نہ صرف جنگ بندی پر آمادہ کیا بلکہ انہیں اسلام آباد آنے کی دعوت بھی دی تاکہ مذاکرات کے ذریعے دیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔
انہوں نے اس عمل میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کی دن رات محنت کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے خاص طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے جنگ کے شعلوں کو بجھانے اور فریقین کو مذاکرات کی میز تک لانے میں کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق
شہباز شریف نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کے بعد اب اصل چیلنج دیرپا امن کا قیام ہے، جو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ یہ مذاکرات کامیاب ہوں تاکہ خطے میں استحکام اور امن قائم ہو اور معصوم جانیں محفوظ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت آج ہونے والے مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے خلوصِ نیت کے ساتھ اپنی پوری کوشش کرے گی، جبکہ باقی نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔





